عراق جانے والے زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری
اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے نئی زیارت مینجمنٹ پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے
کربلا ٹوڈے نیوز ایجنسی کے مطابق وزارتِ مذہبی امور میں زیارت مینجمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، وزارتِ مواصلات، سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی
اجلاس میں ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی کہ زائرین کے فضائی سفر کو مزید آسان اور سہل بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نئی زیارت پالیسی کے تحت 262 زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے
زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف وزارتِ مذہبی امور سے رجسٹرڈ گروپس کے ذریعے ہی اپنی زیارت کی بکنگ کروائیں
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق زائرین وزارت کی سرکاری ویب سائٹ سے لائسنس یافتہ زیارت گروپس کی فہرست حاصل کریں۔ کسی غیر مجاز فرد یا کمپنی کے ذریعے بکنگ کرانے کی صورت میں وزارت کسی بھی نقصان یا مسئلے کی ذمہ دار نہیں ہوگی
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور نے کہا ہے کہ ایران، عراق اور یمن کے سفیروں سے فیری سروس کے آغاز کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ ممالک کی فیری کمپنیوں کو وزارتِ بحری امور سے رابطہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان سے پہلی بین الاقوامی فیری سروس جلد شروع کی جائے گی
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) میں انتظامی اصلاحات کا عمل جاری ہے اور میرٹ کی بنیاد پر بہتر کارکردگی دکھانے والوں کو آگے لایا جائے گا



