عراق: حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے بری اور فضائی مرحلہ وار آپریشن کا آغاز
عراقی حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے بری اور فضائی مرحلہ وار روانگی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے
عراقی حج انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حج سیزن 1447 ہجری کے مناسک کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کی واپسی کے مرحلے کا آغاز ایک منظم شیڈول اور جامع عملی منصوبے کے تحت کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ عراقی ایئرلائنز، سرحدی گزرگاہوں اور عراقی و سعودی سکیورٹی اداروں کے باہمی تعاون سے ترتیب دیا گیا ہے، تاکہ حجاج کرام کی واپسی کو آسان، منظم اور ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک بنایا جا سکے
بیان میں کہا گیا ہے کہ حجاج کرام کی واپسی عرعر سرحدی گزرگاہ اور مختلف عراقی ہوائی اڈوں کے ذریعے جاری ہے، جبکہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ہوائی اڈوں اور زمینی سرحدی راستوں پر تعینات بعثۂ حج کے اہلکار چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عملہ حجاج کی روانگی کے مراحل کی نگرانی، سفری سہولیات کی فراہمی، نقل و حمل کے انتظامات اور سفری کارروائیوں کو آسان بنانے میں مصروف ہے، تاکہ تمام حجاج بخیریت اپنے اپنے شہروں اور صوبوں تک پہنچ سکیں
حج انتظامیہ نے مزید وضاحت کی کہ واپسی کے اس مرحلے کی کامیابی موجودہ حج سیزن کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کا تسلسل ہے۔ اس سال عراقی حجاج کو رہائش، ٹرانسپورٹ، خوراک، طبی سہولیات اور دینی رہنمائی سمیت جامع خدمات فراہم کی گئیں، جس کے باعث وہ پُرسکون اور محفوظ ماحول میں اپنے مناسکِ حج ادا کرنے میں کامیاب رہے
بیان کے مطابق بعثۂ حج حجاج کرام کی واپسی کے دوران بھی اپنی خدمات جاری رکھے گی اور آخری عراقی حاجی کے بحفاظت وطن پہنچنے تک تمام انتظامات کی مسلسل نگرانی کرتی رہے گی۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حجاج کرام کا آرام، تحفظ اور سلامتی اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں
دوسری جانب پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے، اور حجاج کو لے کر آنے والی پہلی پروازیں کامیابی کے ساتھ کراچی اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر لینڈ کر چکی ہیں



