کربلا اور نجف میں مذہبی سیاحت

2026-05-23 09:26

دنیا بھر سے آنے والے مختلف اقوام کے زائرین عراقی شہروں کی ساخت اور شناخت کو ازسرِنو تشکیل دے رہے ہیں

عراق میں زیارات کے ایام قریب آتے ہی کربلا اور نجف دنیا کے عظیم ترین روحانی اجتماعات کا مرکز بن جاتے ہیں

عراق کے مختلف شہروں اور دنیا بھر سے لاکھوں زائرین ان مقدس شہروں کا رخ کرتے ہیں۔ یہ روح پرور منظر اگرچہ ہر سال دیکھنے میں آتا ہے، لیکن ہر بار اس کے معاشی، سماجی اور ثقافتی اثرات نئی صورت میں نمایاں ہوتے ہیں

اگرچہ بہت سے لوگ ان زیارات کو صرف مذہبی شعائر کے طور پر دیکھتے ہیں، لیکن زمینی حقائق اور حالیہ رپورٹس یہ حقیقت واضح کرتی ہیں کہ ان کروڑوں زائرین کے پسِ منظر میں انتظامات، خدمات، تجارت اور انسانی روابط کا ایک وسیع نظام کارفرما ہے، جس نے مذہبی سیاحت کو موجودہ عراق کے سب سے مؤثر اور اہم شعبوں میں شامل کر دیا ہے

کربلا جانے والے راستوں پر، خصوصاً اربعین کے زیارت کے دنوں میں، منظر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ایک متحرک شہر دور دور تک پھیلا ہوا ہو خدمتِ زائرین کے مواکب، میڈیکل کیمپ، ٹرانسپورٹ کی سہولیات، رضاکار، موبائل کچن، آرام گاہیں، سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات، نیز راستوں کے کنارے قائم ہزاروں عارضی دکانیں اور بازار اس غیرمعمولی ہجوم کو زندگی بخشتے دکھائی دیتے ہیں

یہ پورا منظر ایک منظم اور مضبوط منصوبہ بندی کا نتیجہ ہوتا ہے، جس میں سرکاری ادارے، عتبات عالیات، مقامی حکومتیں اور رضاکار تنظیمیں سب شریک ہوتی ہیں

عراقی یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک ریسرچ میں لکھا ہے کہ مذہبی سیاحت اب بالخصوص عراق کے وسطی اور جنوبی صوبوں میں ایک مضبوط معاشی ستون کی حیثیت اختیار کر چکی ہے

اس کے ساتھ نقل و حمل، رہائش، تجارت، مواصلات، غذائی خدمات، تعمیرات اور سرمایہ کاری جیسے بے شمار شعبے وابستہ ہو چکے ہیں

ایک تازہ تحقیق کے مطابق زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ہوٹلوں، تجارتی مراکز اور لاجسٹک خدمات کی طلب میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی اقتصادی سرگرمیوں کو نمایاں وسعت اور نئی زندگی میسر آئی ہے

چھوٹے منصوبوں کی اہمیت

کربلا میں تجارتی سرگرمیاں صرف بڑے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس تک محدود نہیں رہتیں، بلکہ ان کے دائرے میں ہزاروں ایسے چھوٹے منصوبے بھی شامل ہوتے ہیں جو مذہبی مناسبتوں اور زیارتی موسموں کو اپنے بنیادی ذریعۂ معاش کے طور پر اختیار کیے ہوئے ہیں

ٹھیلوں اور چھوٹے اسٹالوں کے مالکان، اشیائے خور و نوش کے فروش، مذہبی تحائف کی دکانیں، ٹرانسپورٹ کمپنیاں، حتیٰ کہ سلائی، طباعت اور مرمّت سے وابستہ افراد بھی ایک وسیع موسمی اقتصادی نظام کا حصہ بن جاتے ہیں، جہاں خرید و فروخت اور روزگار کی شرح غیر معمولی طور پر بڑھ جاتی ہے

مقامی تاجروں کے مطابق بعض مذہبی موسموں میں تجارتی سرگرمیوں میں معمول کے دنوں کی نسبت کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آتا ہے، خصوصاً اس وقت جب ایران، خلیجی ممالک، لبنان، پاکستان، ہندوستان اور دیگر ممالک سے آنے والے غیر ملکی زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انسانی تنوع کا یہ دلکش منظر صرف بازاروں کی رونق ہی میں اضافہ نہیں کرتا بلکہ شہر کے اندر تہذیبی و ثقافتی تعامل کی ایک زندہ اور متحرک فضا بھی پیدا کر دیتا ہے

عتباتِ مقدسہ کے اطراف آباد بازاروں میں مختلف زبانوں کی صدائیں سنائی دیتی ہیں، جبکہ خوراک، لباس اور اندازِ گفتگو میں گوناگوں تہذیبوں کی جھلک نمایاں دکھائی دیتی ہے۔ مقامی باشندے روزانہ مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والے زائرین سے میل جول رکھتے ہیں۔ وقت کے ساتھ اس تہذیبی اختلاط نے مقامی معاشرے میں تنوع کو سنبھالنے اور مختلف ثقافتوں سے برتاؤ کرنے کا ایک خاص سماجی شعور اور تجربہ پیدا کر دیا ہے، یہاں تک کہ بعض تجارتی اور خدماتی مراکز اب متعدد زبانوں میں سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں

سماجی رپورٹس اس صورت حال کو خطے میں عوامی سطح پر ثقافتی امتزاج کی سب سے بڑی صورتوں میں سے ایک قرار دیتی ہیں، جہاں باہمی رابطہ صرف مذہبی دائرے تک محدود نہیں رہتا بلکہ یہ مختلف عادات و روایات کے تبادلے، تجربات کے اشتراک اور سرحدوں سے ماورا معاشی و سماجی تعلقات تک پھیل جاتا ہے

عظیم انسانی اجتماعات کی منظم تنظیم و نگرانی

لیکن اس پُررونق منظر کے پسِ پردہ مذہبی شہروں کو ہجوم و بھیڑ کے نظم و انصرام، بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات سے متعلق نہایت پیچیدہ چیلنجز کا سامنا بھی رہتا ہے۔ مختصر مدت میں لاکھوں زائرین کا استقبال، پانی، بجلی، ٹرانسپورٹ، صفائی، صحت اور مواصلاتی نظام پر غیر معمولی دباؤ پڑتا ہے۔ اسی لیے مقامی انتظامیہ مذہبی اداروں کے تعاون سے زیارات میلیونی سے کئی ماہ قبل ہی پیشگی منصوبہ بندی اور جامع انتظامات کی تیاری شروع کر دیتی ہے

جامعۂ کربلا سے جاری ہونے والی رپورٹ اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ شہر میں لاکھوں افراد پر مشتمل اجتماعات کے نظم و انتظام کے لیے اب بتدریج نگرانی کے جدید نظام اور میدانی تجزیاتی طریقوں پر انحصار بڑھتا جا رہا ہے، تاکہ ریش و ہجوم اور اسکے رکاوٹوں کو کم کیا جا سکے، نقل و حرکت کی روانی برقرار رہے اور زائرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے

گزشتہ چند برسوں کے دوران مقامی حکومتوں نے ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں کے تحت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ شروع کر دیا ہے، جس میں اسمارٹ نگرانی کے نظام، ڈرون طیارے اور زائرین کی نقل و حرکت کے تجزیاتی نظام شامل ہیں

ان اقدامات کا مقصد میدانی انتظام کو زیادہ مؤثر بنانا، حادثات میں کمی لانا اور خدمات کی بہتر تنظیم کو یقینی بنانا ہے

اسی طرح کربلا اور نجف میں سڑکوں اور خدماتی راستوں کی توسیع کے متعدد منصوبے بھی عمل میں لائے گئے ہیں، جبکہ دونوں شہروں کے درمیان واقع راستوں پر آرام گاہوں، عارضی طبی مراکز اور نئے انتظامی مقامات کا قیام بھی عمل میں آیا ہے، تاکہ ہر سال بڑھتے ہوئے زائرین کی تعداد کو بہتر انداز میں کنٹرول اور سہولیات فراہم کی جا سکیں

زیارتِ اربعین اس عظیم مظہر کی سب سے نمایاں مثال کے طور پر سامنے آتی ہے، جہاں مقامی اور بین الاقوامی اندازوں کے مطابق اس میں شریک ہونے والوں کی تعداد نے اسے دنیا کے سب سے بڑے سالانہ انسانی اجتماعات میں شامل کر دیا ہے۔ نجف کے حکام نے حالیہ زیارتی موسموں میں سے کسی ایک موقع پہ اعلان کیا تھا کہ زائرین کی تعداد سترہ ملین سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اس عظیم اجتماع میں مختلف قومیتوں اور ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی

ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مذہبی سیاحت کا سماجی اثر اس کے معاشی اثرات سے کسی طور کم نہیں، بلکہ بعض پہلوؤں سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ان مناسبتوں نے عراق میں رضاکارانہ خدمات کے کلچر اور سماجی تعاون کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہر سال ہزاروں شہری زائرین کے لیے بلا معاوضہ کھانے، رہائش، علاج اور نقل و حمل جیسی سہولیات فراہم کرنے میں حصہ لیتے ہیں، جسے محققین وسیع پیمانے پر سماجی یکجہتی کی ایک نادر اور منفرد مثال قرار دیتے ہیں

شہروں کی شناخت کو ازسرِنو زندہ کرنا

ان زیارات نے عراق کے مذہبی شہروں کی عالمی سطح پر شناخت کو ازسرِنو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، خصوصاً سکیورٹی بدامنی کے برسوں کے بعد۔ اسی کے نتیجے میں کربلا اور نجف اب مختلف ممالک سے آنے والے میڈیا، تحقیقی اور مذہبی وفود کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں، جو ہجوم کے انتظام اور اس سے وابستہ سماجی خدمات کے تجربات کا مطالعہ کرنے کے لیے یہاں کا رخ کرتے ہیں

ان تمام مثبت پہلوؤں کے باوجود حقیقی چیلنجز بھی نمایاں ہیں، جو بنیادی ڈھانچے کی اس صلاحیت سے متعلق ہیں کہ وہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مسلسل بہاؤ کے ساتھ کس حد تک ہم آہنگ رہ سکتا ہے، ساتھ ہی سیاحت کے شعبے کو زیادہ منظم اور پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے کی ضرورت بھی درپیش ہے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ عراق کے پاس یہ سنہری موقع موجود ہے کہ وہ مذہبی سیاحت کو ایک اسٹریٹجک اقتصادی شعبے میں تبدیل کرے، جو آمدنی کے ذرائع کو متنوع بنانے اور تیل پر انحصار کم کرنے میں معاون ثابت ہو، تاہم اس کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی ناگزیر ہے، جس میں ٹرانسپورٹ، ہوٹلنگ، عوامی خدمات اور سیاحتی تشہیر کے شعبوں کی جامع ترقی شامل ہو

اور ساتھ ہی ماہرین اس امر سے بھی خبردار کرتے ہیں کہ اس شعبے کی کامیابی صرف شہری توسیع یا سرمایہ کاری پر ہی منحصر نہیں، بلکہ ان زیارات کے روحانی اور سماجی پہلوؤں کے تحفظ پر بھی موقوف ہے، جو انہیں ان کی انفرادیت عطا کرتی ھے اور انہیں ایک ایسی عالمی انسانی تجربے کی صورت دیتی ھے جو جغرافیائی اور ثقافتی سرحدوں سے ماورا ہو جاتا ہے

زائرین سے بھرے ہوئے راستوں، مسلسل رواں دواں بازاروں اور چوبیس گھنٹے سرگرم جلوسوں و مواکب کے درمیان، زیارتی موسموں میں کربلا اور نجف یوں محسوس ہوتے ہیں جیسے وہ وقتی طور پر ایک ایسی عالمی انسانی سرگرمی کے مرکز میں ڈھل گئے ہوں جہاں معیشت اور دین باہم ہم آغوش ہو جاتے ہیں، ثقافتیں ایک دوسرے سے ملتی ہیں، اور یہ حقیقت نمایاں ہوتی ہے کہ معاشرہ جدید دنیا کے سب سے پیچیدہ عوامی مظاہر میں سے ایک کو منظم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے

العودة إلى الأعلى