امام زین العابدینؑ اسپتال میں بیک وقت جگر کی دو کامیاب پیوندکاریاں، تاریخ رقم

2026-05-19 10:39

حرمِ حسینیؑ کے زیرِ انتظام چلنے والے امام زین العابدینؑ اسپتال نے ایک منفرد طبی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی بار بیک وقت جگر کی پیوندکاری کے دو آپریشن کامیابی سے انجام دے دیے

امام زین العابدینؑ سرجیکل اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبد الرحمن اسماعیل نے بتایا کہ اس منصوبے پر ایک سال سے مسلسل کام اور نگرانی کی جا رہی تھی، جبکہ طبی ماہرین اسے تقریباً ناممکن سمجھتے تھے۔ تاہم حرمِ حسینیؑ کی جنرل سیکریٹریٹ کی مسلسل سرپرستی و تعاون اور سپروائزر جنرل ڈاکٹر صباح الموسوی کی براہِ راست نگرانی کے باعث یہ خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا تعلق صرف کربلا یا اسپتال تک محدود نہیں بلکہ یہ پورے عراق کے لیے باعثِ فخر ہے۔ اس سے عراقی مریضوں کو یہ پیغام ملتا ہے کہ وہ اپنے ملک اور اپنے اہل و عیال کے درمیان رہتے ہوئے پیچیدہ بیماریوں کا جدید علاج حاصل کر سکتے ہیں، تاکہ انہیں علاج کے لیے بیرونِ ملک سفر کی مشقت اور بھاری اخراجات کا سامنا نہ کرنا پڑے

انہوں نے مزید بتایا کہ جگر کی پیوندکاری دنیا کے پیچیدہ ترین آپریشنز میں شمار ہوتی ہے، جس کے لیے ایک مربوط اور مکمل طبی نظام درکار ہوتا ہے۔ اس میں جراثیم کشی، انفیکشن کنٹرول، فارمیسی، نرسنگ، باریک جراحی، اینستھیزیا اور انتہائی نگہداشت کے شعبے شامل ہوتے ہیں، اور تمام طبی ٹیموں نے ایک جسم کی مانند متحد ہو کر کام کیا

اسی کامیابی کے دوران اسپتال میں ایک انسان دوست اور جذباتی منظر بھی دیکھنے میں آیا، جہاں بغداد سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ نوجوان عبد اللہ عبد الخالق حسون نے اپنی والدہ کی جان بچانے کے لیے اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کیا

نوجوان عبد اللہ نے آپریشن کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: الحمدللہ! اللہ تعالیٰ نے مجھے یہ توفیق دی کہ میں اپنی والدہ کے لیے یہ معمولی سا قدم اٹھا سکا۔ اگرچہ یہ آپریشن انتہائی پیچیدہ اور بڑا تھا، لیکن اللہ کے فضل اور اہلِ بیتؑ کی برکت سے مکمل کامیابی حاصل ہوئی

انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال کے ماہر طبی عملے کی غیر معمولی نگہداشت کی بدولت انہیں کسی قسم کی پیچیدگی یا منفی اثرات کا سامنا نہیں کرنا پڑا

یہ اہم کامیابی حرمِ حسینیؑ کی اُس حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عراق میں جدید طبی سہولیات کو فروغ دینا، بیرونِ ملک اسپتالوں پر انحصار کم کرنا اور جدید ٹیکنالوجی و ماہر طبی عملے کے ذریعے ملک کے اندر ہی اعلیٰ معیار کا علاج فراہم کرنا ہے۔

المرفقات

العودة إلى الأعلى