الزہراء یونیورسٹی کی عالمی سطح پر نمایاں کامیابی
حرم امام حسین علیہ السلام کے زیر اہتمام چلنے والی جامعۃ الزہراء برائے خواتین نے ایک اہم عالمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے عراق کی نجی جامعات میں پہلا مقام حاصل کرلیا
جامعہ کی وائس چانسلر ڈاکٹر زینب السلطانی کے مطابق یونیورسٹی نے عالمی درجہ بندی (WURI 2026) میں جدتِ تعلیم کے میدان میں دنیا بھر میں 296 ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جس کے بعد یہ دنیا کی بہترین 500 جامعات میں شامل ہوگئی ہے۔ یہ کامیابی جامعہ کے بلند ہوتے علمی معیار اور بین الاقوامی سطح پر اس کی مضبوط شناخت کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز تدریسی اور انتظامی عملے کی مسلسل محنت، باہمی تعاون اور تعلیمی خدمات کا نتیجہ ہے، اور یہ کامیابی مستقبل میں مزید اعلیٰ درجات کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔
ڈاکٹر زینب السلطانی نے اس کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعۃ الزہراء کی یہ پیش رفت اس کے عزم، ترقی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی علمی پہچان کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ (WURI) دنیا کی اہم یونیورسٹی درجہ بندیوں میں شمار ہوتی ہے، جو صرف تحقیقی مقالوں اور علمی اشاعتوں کو نہیں بلکہ معاشرے پر تعلیمی اداروں کے حقیقی اثرات، جدت، کاروباری صلاحیتوں اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام کو بھی مدنظر رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ (World’s Universities with Real Impact) درجہ بندی میں شامل ہونا عالمی علمی اعتبار کی علامت ہے، کیونکہ اس کے معیارات یونیورسٹی کے عملی کردار، معاشرتی تبدیلی میں اس کے اثرات اور تعلیمی و تحقیقی ماحول کی ترقی پر مبنی ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر زینب السلطانی کے مطابق یہ کامیابی جامعہ کی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر موجودگی کو مزید مضبوط کرے گی، بین الاقوامی جامعات کے ساتھ علمی و تحقیقی شراکت داری کے نئے مواقع فراہم کرے گی، اور طالبات کے اعتماد میں مزید اضافہ کا باعث بنے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عراق کی جامعات میں WURI 2026 درجہ بندی کے مطابق بابل یونیورسٹی نے پہلا، بصرہ یونیورسٹی نے دوسرا جبکہ جامعۃ الزہراء برائے خواتین نے عراق بھر میں تیسرا اور نجی جامعات میں پہلا مقام حاصل کیا ہے



