کربلاء : محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے عتباتِ عالیات اور ماتمی تنظیموں کا اہم اجلاس
حرمِ امام حسینؑ کے زیرِ اہتمام کربلاء مقدسہ میں ماتمی دستوں، اصحابِ مواکب اور مختلف اداروں کے ذمہ داران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا
اجلاس کا مقصد ماہِ محرم الحرام اور صفر کے دوران مجالس، جلوسوں کے شیڈول اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا
حرمِ امام حسینؑ میں شعبۂ ہیئات و مواکب کے سربراہ محمد کریم عزیز نے بتایا کہ شعبے کی جانب سے کربلاء مقدسہ میں ماتمی دستوں، مواکب کے مسئولین اور رابطہ کاروں کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا، جو عاشورائے محرم اور زیارتِ اربعین کے انتظامات کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، تاکہ کربلاء آنے والے زائرین اور عزاداروں کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ عتبۂ حسینیہ مقدسہ کی جنرل سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور سفارشات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے، جبکہ تمام مواکب، ماتمی دستے اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون، نظم و ضبط اور اعلیٰ سطح کی ہم آہنگی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس کے اہم نکات میں صبر و تحمل، کشادہ دلی اور خوش اخلاقی کے ساتھ زائرین و عزاداروں کی خدمت کرنا شامل ہے، تاکہ خدمتِ سید الشہداء حضرت امام حسینؑ کی منظم، باوقار اور بہترین تصویر دنیا کے سامنے پیش کی جا سکے
واضح رہے کہ عتبۂ حسینیہ مقدسہ، حسینی مواکب اور ہیئات کے تنظیمی و خدماتی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے، اور اسی مقصد کے تحت وقتاً فوقتاً اجلاس اور رابطہ نشستیں منعقد کی جاتی ہیں، تاکہ دینی مناسبتوں اور میلیونی زیارات کے دوران زائرین اور عزاداروں کو اعلیٰ معیار کی سہولیات اور خدمات فراہم کی جا سکیں



