پاکستان: جماعت اہلِ حرم پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعہ نعیمیہ، اسلام آباد میں خاتون جنتؑ کانفرنس کا انعقاد
جماعت اہلِ حرم پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعہ نعیمیہ، اسلام آباد میں ایک عظیم الشان خاتونِ جنتؑ کانفرنس منعقد ہوئی
جماعت اہلِ حرم پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعہ نعیمیہ، اسلام آباد میں ۱۳ویں عظیم الشان خاتونِ جنتؑ کانفرنس منعقد ہوئی،جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما، مشائخ اور دینی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس اجتماع کو امتِ مسلمہ کے لیے ایمان افروز اور وحدت و یگانگت کو فروغ دینے والا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں جس عقیدت، محبت اور وقار کے ساتھ عظمتِ سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ زہراءؑ کا تذکرہ کیا گیا، وہ نہ صرف ایمانی قوت میں اضافے کا باعث بنا بلکہ امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ بھی ثابت ہوا۔
علماء کرام نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو جس اتحاد اور فکری بیداری کی اشد ضرورت ہے، اس نوعیت کے دینی و فکری اجتماعات اسی شعور کو بیدار کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ جنابِ سیدہؑ کے مشن، سیرت اور مثالی کردار کو محض زبانی خراجِ عقیدت تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں نافذ کیا جائے۔
مقررین نے اس تشویش کا بھی اظہار کیا کہ آج اسلامی تہذیب و اقدار کو کمزور کرنے اور غیر اسلامی رجحانات کو معاشرے پر مسلط کرنے کی منظم کوششیں جاری ہیں، جن کا مؤثر مقابلہ صرف حضرت فاطمہ زہراءؑ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات سے رہنمائی حاصل کر کے ہی کیا جا سکتا ہے۔
آخر میں علماء و مشائخ نے تمام مکاتبِ فکر سے اپیل کی کہ وہ باہمی اتحاد کو مضبوط کریں، ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کریں اور اختلافات کو علمی، مہذب اور تعمیری انداز میں پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں شیعہ سنی فرقہ واریت کبھی عوامی سطح پر موجود نہیں رہی۔ اگرچہ بعض عناصر نے نفرت اور انتشار پھیلانے کی سازشیں کیں، مگر ملتِ پاکستان نے ہمیشہ اتحاد، شعور اور بصیرت کے ساتھ ان سازشوں کو ناکام بنایا ہے۔



