مرجعِ اعلیٰ کے نمائندے کا وارثُ الانبیاء یونیورسٹی کا دورہ توسیعی اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ
مرجعِ دینیِ اعلیٰ کے نمائندے جناب شیخ عبد المہدی کربلائی نے وارثُ الانبیاء یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم سعید حیاوی نے ان کا استقبال کیا
اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی میں جاری توسیعی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا
دورے میں نئی زیرِ تعمیر عمارتوں کے ساتھ ساتھ وہ تمام خدماتی منصوبے اور بنیادی ڈھانچے بھی شامل تھے جنہیں یونیورسٹی تعلیمی ماحول کو مضبوط بنانے اور جدید علمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تیار کر رہی ہے
شیخ کربلائی نے جاری منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام کام مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ ترین معیار کے مطابق تیزی سے مکمل کیے جائیں
انہوں نے یونیورسٹی کی حالیہ علمی کامیابیوں، خصوصاً اعلیٰ تعلیمی درجہ بندی (رینکنگ) حاصل کرنے پر انتظامیہ کی تعریف کی، اور اسے ادارہ جاتی سنجیدہ کاوشوں اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اختیار کیے گئے واضح وژن کا نتیجہ قرار دیا
مزید برآں، انہوں نے علمی و تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، اور تحقیق و تعلیم کے میدان میں یونیورسٹی کی پوزیشن کو مضبوط تر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں انہوں نے طلبہ اور جامعہ کے مجموعی تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور جدید سائنسی ترقیات کے مطابق تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کی تاکید کی


