وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی جلوس چہلم امام حسینؑ اختتام پذیر
اسلام آباد: اربعینِ حسینی کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔
نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے 72 جانثاروں کے چہلم کے سلسلے میں مرکزی جلوس آج بروز جمعرات، 19 صفر، امام بارگاہ اثناءعشری، جی سکس ٹو سے نکالا گیا۔ جلوس میں ہزاروں مرد و خواتین عزادار شریک ہوئے، جنہوں نے نوحے خوانی اور ماتم داری کے ذریعے اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔
اس موقع پر پولیس،رینجرزاور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 1000 سے زیادہ افسران وجوانوں نے سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے،اس دوران شہر بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کی گئی جبکہ جلوس کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی گئی،گھروں اور پلازوںکی چھتوں پر مسلح پولیس اہلکاروں نے اپنے فرائض منصبی سر انجام دئیے، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بکتر بند گاڑیاں خصوصی طور پر موجود رہی،جلوس کے راستے میں آنے والے تمام چھوٹے بڑے راستوں اور گلیوں کو خاردار تار لگا کر بند کیا گیاتھا۔