بین الاقوامی عربی خطاطی نمائش نبا عظیم کے تیسرے ایڈیشن کا باوقار آغاز

2025-06-16 11:23

روضہ امام حسین علیہ السلام کے شعبہ دار القرآن الکریم سے وابستہ ذیلی ادارے مرکز القلم لخط عربی کے زیر اہتمام سالانہ نبا عظیم بین الاقوامی نمائش کا تیسرا ایڈیشن منعقد کیا گیا

یہ عظیم الشان نمائش چوتھے بین الاقوامی کربلا ایوارڈ برائے تلاوت، حفظ و تفسیر قرآن کریم کی ثقافتی و فنی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہے۔

اس موقع پر مرکز کے ڈائریکٹر محمد المشرفاوی نے بتایا کہ مرکز القلم لخط العربی نے روضہ حسینیہ کے دار القرآن کے تعاون سے 'النبا العظیم' بین الاقوامی خطاطی نمائش کے تیسرے ایڈیشن کا اہتمام کیا ہے، جو کہ قرآن کریم سے متعلق عالمی سطح کی سرگرمیوں کا ایک مؤثر تسلسل ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ نمائش میں 12 اسلامی ممالک سے تعلق رکھنے والے 110 معروف خطاطوں نے شرکت کی، جہاں عربی خطاطی کی مختلف اصناف جیسے کوفی، ثلث، دیوانی، نسخ اور رقعہ نہایت دلکش انداز میں پیش کی گئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نمائش میں شامل فن پارے حضور نبی اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وہ منتخب احادیث ہیں جن میں امیر المؤمنین امام علی علیہ السلام کے فضائل کو بیان کیا گیا ہے، نیز مختلف اسالیب میں دعائیں اور اقوال زریں بھی فنی جمال کے ساتھ تحریر کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس ایڈیشن کی ایک خاص جھلک اجتماعی فن پارہ ہے، جو مختلف خطاطی اسالیب کے ذریعے قرآن کی آیات اور حدیثِ غدیر کو بصری فن میں ڈھال کر پیغامِ ولایت کی جاذب و جلی تصویر پیش کرتا ہے۔

اختتام پر انہوں نے کہا کہ یہ تیسرا ایڈیشن نہ صرف فنِ خطاطی کے عالمی سطح پر پھیلاؤ کا سنگِ میل ہے بلکہ یہ اسلامی دنیا کے ثقافتی اداروں اور فنکاروں کے ساتھ وسیع تر تعاون کے دروازے کھولنے کی سمت ایک اہم قدم بھی ہے۔

المرفقات

العودة إلى الأعلى