سیدہ خدیجہ کبریٰ اسپتال میں مریضوں کو فوری ریلیف دینے کے لیے (PCA) مشین نصب
کربلا: سیدہ خدیجہ کبریٰ (علیہا السلام) تخصصی اسپتال برائے خواتین، جو حرم امام حسین (علیہ السلام) کے شعبہ صحت و طبی تعلیم کے تحت کام کر رہا ہے، میں مریضوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے (PCA) مشین کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے
اس جدید مشین کی مدد سے مریض بغیر کسی نرس یا ڈاکٹر کی مدد کے خود اپنی تکلیف کو کم کر سکتے ہیں۔
اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر بیداء ابراہیم سلمان نے بتایا کہ سیدہ خدیجہ اسپتال نے (PCA) مشین حاصل کر لی ہے، جو مریض کو سرجری کے بعد درد کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ یہ مشین مریض کو ایک بٹن مہیا کرتی ہے، جسے دبانے سے مخصوص مقدار میں دوا فراہم کی جاتی ہے، اور اس کے لیے طبی عملے کی ہر بار مداخلت کی ضرورت نہیں ہوتی۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ (PCA)، یعنی Patient-Controlled Analgesia، ایک جدید اور محفوظ طریقۂ علاج ہے جو ہر قسم کی سرجری کے بعد، بشمول سیزیرین آپریشن، درد پر مؤثر طریقے سے قابو پانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ تکنیک نہ صرف درد کو جلد کم کرتی ہے بلکہ سرجری کے بعد کے ذہنی دباؤ اور اضطراب کو بھی کم کرتی ہے، جب کہ اس سے طاقتور اینٹی بایوٹک ادویات کی ضرورت بھی محدود ہو جاتی ہے۔
ڈاکٹر بیداء نے بتایا کہ اس مشین میں خودکار لاکنگ سسٹم نصب ہے، جو دوا کی زائد مقدار لینے سے روکتا ہے اور مریض کے تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ (PCA) ٹیکنالوجی مریضوں کی بہتر نگہداشت اور آرام دہ علاج کے لیے ایک اہم قدم ہے، جو اسپتال کی خدمات میں جدیدیت اور معیار کی علامت ہے