کربلا: حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے 12 روزہ فری آئی میڈیکل کیمپ کا انعقاد
کربلا مقدسہ میں حرم امام حسین علیہ السلام کے زیر سرپرستی چلنے والے سیدہ زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا آئی سرجیکل سنٹر میں 12 روزہ فری آئی میڈیکل کیمپ کا آغاز کیا گیا ہے
یہ کیمپ 10 رجب 1446ھ بمطابق 11 جنوری 2025 سے شروع ہو کر 21 رجب 1446ھ بمطابق 22 جنوری 2025 تک جاری رہے گا
سنٹر کے ڈائریکٹر نے کربلا انٹرنیشنل نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کیمپ امام علی ابن ابی طالب اور امام محمد الجواد (علیہما السلام) کی ولادت کی مناسبت سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس خصوصی اقدام میں تمام مریضوں کے لیے مفت علاج فراہم کیا جائے گا
فری کیمپ کے دوران مریضوں سے داخلہ فیس نہیں لی جائے گی، جبکہ ڈاکٹر کا معائنہ، نظر کی جانچ، ریٹینا کی تشخیص، آنکھوں کے دباؤ کی جانچ اور دیگر تمام ضروری ٹیسٹ مکمل طور پر مفت کیے جائیں گے اس کے ساتھ ہی تمام لیبارٹری ٹیسٹ بھی بلا معاوضہ فراہم کیے جائیں گے۔
آپریشنز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جراحوں کی فیس مکمل طور پر معاف ہوگی، تاہم طبی آلات اور جسم میں لگائی جانے والی لینز وغیرہ کی قیمتیں انتہائی کم رکھی جائیں گی، جو مریض کی سہولت کے لیے مختص کی گئی ہیں
مرکز کے مطابق، اس کیمپ میں آنکھوں کی جراحی کے ماہرین کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک سے غیر ملکی طبی عملہ بھی شرکت کرے گا۔ سنٹر کے عملے نے اعلان کیا ہے کہ وہ کربلا کے مقامی شہریوں اور زائرین کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں
یہ فری آئی میڈیکل کیمپ نہ صرف ایک طبی خدمت ہے بلکہ زائرین اور مقامی افراد کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، جو حرم امام حسین علیہ السلام کی جانب سے پیش کیا جا رہا ہے