ولادت حضرت زہراء علیھا السلام کی مناسبت سے نجف اشرف میں دسویں عالمی کانفرنس
حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت اور وکیل مرجع دینی اعلیٰ علامہ شیخ محسن علی نجفی قدس سرہ کی پہلی برسی کی مناسبت سے مؤسسة الکوثر کے زیر اہتمام نجف اشرف میں دسویں عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا
کانفرنس کا عنوان "السیدہ زہراء: مشکاة العلم والھدایہ" تھا، اور یہ دار العلم للامام الخوئی نجف اشرف کی خوبصورت مسجد میں منعقد کی گئی۔ اس بابرکت اجتماع میں حوزہ علمیہ نجف اشرف، عتبات عالیات، اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی ممتاز علمی و روحانی شخصیات نے شرکت کی۔
افتتاحی کلمات حرم امام حسین ع کے مدير شعبہ معاہد دینی جناب شیخ احمد العاملی نے پیش کیے۔ اس کے بعد حوزہ علمیہ نجف اشرف کے ممتاز استاد، علامہ شیخ نزار آل سنبل دامت برکاتہ نے خطاب فرمایا اور سیرت حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
کانفرنس کے اختتامی کلمات مؤسسة الکوثر کے متولی جناب شیخ انور علی نجفی دامت برکاتہ نے پیش کیے۔ انہوں نے حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے ساتھ شیخ الجامعہ قدس سرہ کی بے پناہ عقیدت کا تذکرہ کیا اور تمام مہمانوں، علماء کرام، اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
اس عظیم الشان کانفرنس میں نجف اشرف کے حوزہ علمیہ کی بزرگ علمی شخصیات کے علاوہ مختلف ممالک جیسے پاکستان، آذربائیجان، سعودی عرب، لبنان، افریقہ، افغانستان، انڈیا، اور ترکی کے علماء، طلبہ، اور دیگر شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
کانفرنس کا اختتام دعائے امام زمانہ عج اللہ فرجہ الشریف سے ہوا، جس نے اس بابرکت محفل کو مزید روحانی اور معنوی بنا دیا۔
ابو علی