روضہ امام حسینؑ کا مشن: منافع نہیں، عوام کو جدید خدمات فراہم کرنا ہے
کربلا: مرجعِ اعلیٰ کے نمائندے، جناب شیخ عبدالمہدی کربلائی حفظہ اللہ نے واضح کیا ہے کہ حرمِ امام حسین علیہ السلام کا اولین مقصد سرمایہ کاری یا مالی منافع نہیں، بلکہ عوام کو جدید اور اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے
یہ بیان انہوں نے شعبہ مواصلات اور عراق سیل کمپنی کے دفتر کے دورے کے دوران دیا۔
روضہ امام حسینؑ کی رسمی ویب سائٹ کے مطابق، شیخ کربلائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میں نے اس دورے کے دوران جو ترقی اور مہارت دیکھی، وہ میری توقعات سے کہیں زیادہ تھی۔ یہ وہی خواب اور امیدیں تھیں جو ہم پہلے رکھتے تھے، لیکن اب کی کامیابیاں ان سے بھی بڑھ کر ہیں، جس سے دل کو سکون اور اطمینان ملا ہے۔
انہوں نے شعبہ انٹرنیٹ اور نیٹ ورک میں ہونے والی پیش رفت اور اس کے ساتھ دیگر منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا میں نے نیٹ ورک اور شعبہ کے نوجوان کارکنان کی جو مہارت دیکھی، وہ قابلِ ستائش ہے۔ ان کی محنت اور مہارت نے ہماری توقعات کو پورا کیا ہے۔
شیخ کربلائی نے کہا کہ موجودہ منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہونے کی امید ہے، اور یہ خدمات دیگر تکنیکی اداروں کے برابر یا ان سے بھی زیادہ اعلیٰ معیار کی ہوں گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حرمِ امام حسینؑ کی ترجیح صرف اور صرف خدمات کی معیاری فراہمی ہے۔
ہمارا مقصد فائبر آپٹک کیبل جیسی جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے عوام کو اعلیٰ خدمات فراہم کرنا ہے۔ ہم منافع نہیں، بلکہ معیار پرتوجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔
روضہ امام حسینؑ کے نمائندے نے اختتام پر کہا کہ حرم مختلف شعبہ جات، خاص طور پر تکنیکی میدان میں، اعلیٰ اور متنوع خدمات فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، اور ان خدمات کا معیار مستقبل میں بھی برقرار رہے گا۔
ابو علی