ایرانی ایئرلائنز کی نجف سے روزانہ 40 پروازوں کے لیے عراق کو امریکی استثنیٰ حاصل
عراقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اسے امریکہ کی جانب سے ایسا استثنیٰ حاصل ہوگیا ہے، جس کے تحت ایرانی ایئرلائنز نجف اشرف انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایران کے لیے اور ایران سے نجف اشرف کے لیے پروازیں چلا سکیں گی
عراقی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نجف اشرف انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایرانی ایئرلائنز کے لیے روزانہ 40 پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم ماہان ایئر اس استثنیٰ میں شامل نہیں ہے
بیان کے مطابق یہ اقدام عراق آنے اور عراق سے روانہ ہونے والے مسافروں اور زائرین کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ انسانی، طبی، سیاحتی اور تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے
عراقی حکومت نے امریکی حکومت کے مثبت تعاون اور استثنیٰ جاری کرنے پر اظہارِ تشکر کیا ہے
عراقی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت کو آسان بنانے اور انسانی و طبی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا
واضح رہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث ایران اور عراق کے درمیان فضائی آمد و رفت متاثر ہوئی تھی، تاہم نئے استثنیٰ کے بعد نجف اشرف انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کا سلسلہ بحال کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے


