بصرہ سے کربلا تک... بیبی اسٹرولرز اور وہیل چیئرز کی مفت مرمت کے لیے موکب قائم
امام حسینؑ کی محبت، ایثار اور خدمتِ خلق کی شاندار مثال پیش کرتے ہوئے صوبہ بصرہ کے متعدد نوجوان بابل۔کربلا شاہراہ پر واقع مدینہ زائرین میں زائرینِ اربعین کی خدمت میں مصروف ہیں
یہ نوجوان اپنی مہارتوں کے ذریعے بیبی اسٹرولرز اور وہیل چیئرز کی مرمت، نیز بیگ، جوتوں اور کپڑوں کی سلائی کی خدمات مکمل طور پر مفت فراہم کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حضرت امام حسینؑ کے زائرین کی خدمت ان کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے، جس کا وہ ہر سال بے تابی سے انتظار کرتے ہیں
بصرہ سے تعلق رکھنے والے ایک خادم، واثق لعیبی البیضانی نے بتایا کہ ہم نوجوانوں کا ایک گروہ ہیں جو پیدل کربلا جانے والے زائرین کو مختلف خدمات فراہم کرتا ہے، جن میں بیبی اسٹرولرز، وہیل چیئرز اور دیگر ضروری سامان کی مرمت کے ساتھ سلائی کی سہولت بھی شامل ہے
انہوں نے کہا کہ ہماری خدمت کو تقریباً دس دن ہو چکے ہیں۔ ابتدا میں ہم نے ناصریہ کے علاقے الجبایش میں زائرین کی خدمت انجام دی، جس کے بعد مدینہ زائرین منتقل ہو گئے تاکہ زیارتِ اربعین کے اختتام تک یہاں اپنی خدمات جاری رکھ سکیں
انہوں نے مزید بتایا کہ سلائی اور مرمت کے لیے درکار تمام سامان ہم اپنی ذاتی کوششوں اور اخراجات سے فراہم کرتے ہیں۔ ہم اس خدمت کو اپنے لیے باعثِ فخر اور اعزاز سمجھتے ہیں، اور مسلسل پانچویں سال اس ورکشاپ کے ذریعے زائرین کی خدمت کا شرف حاصل کر رہے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس خدمت میں کافی محنت اور مشقت درپیش ہوتی ہے، لیکن امام حسینؑ کے حق میں ہم اسے نہایت معمولی سمجھتے ہیں
ہماری جانیں سیدالشہداءؑ پر قربان ہوں۔ زائرینِ اربعین کی خدمت کے نتیجے میں ہمیں امام حسینؑ کی برکت سے خیر و برکت نصیب ہوتی ہے، اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ سب کچھ حسینؑ سے ہے اور حسینؑ ہی کے لیے ہے
واثق لعیبی البیضانی نے مزید بتایا کہ انہیں اس خدمت کا شرف حاصل کرتے ہوئے تقریباً پانچ برس گزر چکے ہیں۔ یہ خدمت مدینہ زائرین کے تعاون سے انجام دی جاتی ہے، جہاں انہیں رہائش، قیام، طعام اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں
انہوں نے کہا:میں ہر سال اس خدمت کا بے حد شوق سے انتظار کرتا ہوں، اور ان شاء اللہ 10 صفر سے 20 صفر تک زائرینِ امام حسینؑ کی خدمت جاری رکھوں گا


