اربعینِ حسینیؑ کے لیے 170 سے زائد ممالک کے زائرین عراق پہنچ گئے
اربعینِ امام حسینؑ میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے زائرین کی عراق آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے
سیکیورٹی میڈیا سیل کے سربراہ، لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر سعد معن نے کہا ہے کہ لاکھوں زائرین کی آمد کے پیشِ نظر قائم اعلیٰ سیکیورٹی کمیٹی چوبیس گھنٹے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی اور میڈیا سے متعلق تمام منصوبے طے شدہ حکمتِ عملی کے مطابق کامیابی سے جاری ہیں۔ اس دوران میڈیا کے یکساں بیانیے اور عوامی آگاہی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ زیارتِ اربعین کو اس کی دینی، روحانی اور انسانی عظمت کے شایانِ شان انداز میں منعقد کیا جا سکے
ڈاکٹر سعد معن کے مطابق زیارتِ اربعین میں شرکت کے لیے عراق آنے والے زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور اب تک 170 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے زائرین عراق پہنچ چکے ہیں
انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار سیکیورٹی اداروں، متعلقہ وزارتوں اور سرکاری محکموں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی اور کامیاب انتظامات کا واضح ثبوت ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ مقدس روضوں، حسینی مواکب اور ہزاروں رضاکاروں کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات بھی اس عظیم کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں


