مرجعیتِ اعلیٰ کے نمائندے نے زائرینِ اربعین کے لیے تل زینبی کھول دیا
مرجعیتِ اعلیٰ کے نمائندے نے مقام تل زینبی کو زائرین کے لیے کھولنے کا حکم دیا، حالانکہ اس کا باقاعدہ افتتاح مقررہ وقت پر ہونا ہے۔ یہ اقدام اربعین کے ایام میں زائرین کی بڑی تعداد کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا۔
یہ مقام صحنِ عقیلہ زینب (سلام اللہ علیہا) کے منصوبے کا ایک اہم جزو ہے، جس کی تعمیر 3300 مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ہے۔ عمارت زمین کے نیچے چار منزلوں پر مشتمل ہے اور اسے نہایت خوبصورت اسلامی فنِ تعمیر اور فنکارانہ نقش و نگار سے آراستہ کیا گیا ہے
روضہ امام حسینؑ کے متولی شرعی شیخ عبدالمہدی کربلائی نے کہا ان دنوں ہم امام حسینؑ اور حضرت ابوالفضل العباسؑ کی زیارت کے لیے آنے والے لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ مقام تل زینبی اگرچہ اب بھی تعمیراتی مراحل میں ہے، تاہم چونکہ کام اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، اس لیے ان بابرکت دنوں میں اسے زائرین کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ زیارت و عبادت کے مراسم انجام دے سکیں، جبکہ اس کا باقاعدہ افتتاح بعد میں ہوگا
انہوں نے بتایا یہ مقام پہلے صرف 200 مربع میٹر پر مشتمل تھا، لیکن اب اس کی تعمیراتی وسعت 3300 مربع میٹر تک پہنچ چکی ہے۔ اسے نہایت دلکش اسلامی طرزِ تعمیر سے آراستہ کیا گیا ہے اور عبادت کے لیے ایک وسیع، پر سکون اور باوقار فضا فراہم کی گئی ہے
شیخ کربلائی نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے تمام اداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا مقام تل زینبی کی تعمیر میں چار منزلیں شامل ہیں: ایک منزل زمین کی سطح پر، آدھی منزل اوپر، اور دو منزلیں زمین کے نیچے، جو مکمل طور پر زائرین کی خدمت کے لیے مختص ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہم اسلامی جمہوریہ ایران کی مؤسسہ الکوثر الخیریہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا، نیز روضہ حسینی کے انجینئرنگ و فنی شعبے کے کارکنان کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں جنہوں نے اس عظیم منصوبے کو عملی صورت دی۔
شیخ کربلائی نے اس امید کا اظہار کیا کہ صحنِ عقیلہ زینبؑ کا مرکزی منصوبہ بھی جلد مکمل ہوگا، جس کا کل رقبہ 160,000 مربع میٹر ہے۔ اس میں ایک وسیع سرداب، قاعة علی اکبرؑ، عبادت کے لیے مخصوص مقامات، کتب خانہ، عجائب گھر، نیا مہمان خانہ (مضيف)، طبی سہولیات اور دیگر خدماتی شعبے شامل ہوں گے۔
آخر میں انہوں نے مؤسسہ الکوثر الخیریہ، انجینئرنگ و فنی شعبہ اور دیگر تمام معاون اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے صحنِ عقیلہ زینبؑ اور مقام تل زینبی کے منصوبے میں بنیادی یا ضمنی طور پر خدمات انجام دیں



