سکردو: مشعلِ نور کے زیرِ اہتمام فکرِ فاطمی سیمینار کا انعقاد
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، تعلیمات اور فکری و عملی کردار کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے تناظر میں اجاگر کرنے کے لیے مشعلِ نور کے زیرِ اہتمام فکرِ فاطمی، شعورِ فاطمی کے عنوان سے ایک فکری و تربیتی سیمینار منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی تقریباً 300 خواتین اور طالبات نے شرکت کی
سیمینار کا آغاز بنت الہدیٰ حفظ القرآن اسکول کی طالبات کی اجتماعی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ اس موقع پر مشعلِ نور کی بانی خانم نجمہ کریمی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کے چار اہم پہلوؤں، یعنی عبادت، علم، عرفان اور احسان کو اجاگر کیا اور خواتین کی انفرادی و اجتماعی زندگی میں ان اقدار کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا
ایلیمنٹری کالج کی پرنسپل نائلہ رانی نے فکرِ فاطمہ اور آج کے دور کے چیلنجز کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عصرِ حاضر میں سیرتِ فاطمی کی رہنمائی کی اہمیت بیان کی۔ محترمہ زرینہ تبسم نے آیت اللہ قزوینی کی تصنیف فاطمہ، مہد سے لحد تک کا تعارف اور تجزیہ پیش کیا، جس میں شرکاء نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا
ماہرِ نفسیات ڈاکٹر شاہدہ نے اپنے خطاب میں صبرِ فاطمی، ذہنی مضبوطی اور جذباتی استقامت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا ذہنی صحت سے تعلق واضح کیا
سیمینار کے ضمن میں بلتستان کے مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات کے مابین خطاطی کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے
پروگرام کے دوران قرآنِ مجید، اسلامی کتب اور حجاب کے خصوصی اسٹالز بھی لگائے گئے، جنہیں شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی اس کے علاوہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے نام سے موسوم بچیوں اور خواتین میں خصوصی تحائف بھی تقسیم کیے گئے
شرکاء کی آرا اور تاثرات جاننے کے لیے تین سوال، تین احساسات کے عنوان سے ایک خصوصی سرگرمی اور تاثراتی بورڈ کا اہتمام کیا گیا، جس پر شرکاء نے اپنے خیالات اور احساسات تحریر کیے
سیمینار کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظیم شخصیت کسی ایک مکتبِ فکر یا مخصوص طبقے تک محدود نہیں، بلکہ آپ کی علمی، عبادی، اخلاقی اور انسانی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں
منتظمین کے مطابق سیمینار میں متوقع تعداد سے زیادہ خواتین، بالخصوص نوجوان نسل کی بھرپور شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ معاشرے میں سیرتِ فاطمی کے فکری اور عملی پہلوؤں کو سمجھنے اور انہیں اپنی زندگیوں میں اپنانے کا جذبہ موجود ہے
شرکاء نے بھی اس نوعیت کے مزید علمی، فکری اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا


