حرم امام حسینؑ کا ہالینڈ کی زرعی کمپنیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے پر غور
کربلا: حرم امام حسینؑ نے ہالینڈ کی زرعی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے فروغ، زرعی منصوبوں کی ترقی اور جدید فنی تجربات سے استفادے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا ہے
یہ تبادلۂ خیال ہالینڈ کے سفارت خانے کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں زرعی شعبے سے وابستہ متعدد کمپنیوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد زرعی تجربات کا تبادلہ، پیداوار میں اضافہ، زرعی منصوبوں کی ترقی اور عراق میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا تھا۔حرم امام حسینؑ کی جانب سے کانفرنس میں شرکت کرنے والے وفد میں مجلسِ انتظامیہ کے رکن اور زرعی ادارے کے سربراہ انجینئر رزاق الطائی، شعبۂ زرعی ترقی کے سربراہ قحطان عوز، مزرعۂ فدک کے مدیر فائز ابوالمعالی، شعبۂ آرائش و شجرکاری کے سربراہ انجینئر وہاب ابو الہر اور شعبۂ تعلقات عامہ کے شعبۂ بین الاقوامی تعلقات کے ذمہ دار غیث الحسنی شامل تھے۔
حرم امام حسینؑ کے زرعی ادارے کے سربراہ انجینئر رزاق الطائی نے بتایا کہ اس کانفرنس میں شرکت کا مقصد حرم کے زیر انتظام جاری زرعی منصوبوں کو متعارف کرانا اور ہالینڈ کی ماہر کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا، تاکہ زرعی شعبے کو ترقی دی جا سکے، سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے اور جدید فنی تجربات سے استفادہ کیا جا سکے
انہوں نے مزید بتایا کہ وفد نے حرم امام حسینؑ کے متعدد زرعی منصوبوں کا تعارف پیش کیا، جن میں جدید طریقوں سے کاشت کاری اور مختلف اقسام کی سبزیوں کی پیداوار کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مزرعۂ فدک کے تحت جاری باغبانی کے منصوبوں کو بھی متعارف کرایا گیا، جہاں کھجور کی مختلف اقسام پیدا کی جاتی ہیں
کانفرنس کے دوران شمالی گرین بیلٹ منصوبے کا بھی تعارف پیش کیا گیا، جو صحرائی پھیلاؤ کی روک تھام کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ اس منصوبے میں کھجور، زیتون اور یوکلپٹس سمیت مختلف اقسام کے درخت لگائے گئے ہیں۔ اس منصوبے نے شہد کی مکھیوں کی پرورش، شہد کی پیداوار اور زیتون کی کاشت سمیت دیگر زرعی سرگرمیوں کے لیے بھی سازگار ماحول فراہم کیا ہے
انجینئر الطائی نے بتایا کہ حرم امام حسینؑ کے متولی شرعی اور سیکرٹری جنرل کی ہدایات کے مطابق شمالی گرین بیلٹ منصوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا بھی ارادہ ہے، تاکہ اسے ایک اہم سیاحتی مقام میں تبدیل کیا جا سکے، جہاں کربلا مقدسہ اور دیگر صوبوں سے آنے والے افراد سیر و تفریح کے لیے آ سکیں
انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس میں پھولوں، آرائشی پودوں اور مختلف اقسام کی پنیری کی پیداوار سے متعلق منصوبے بھی پیش کیے گئے۔ ان منصوبوں میں شریک کمپنیوں نے خصوصی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے عراقی زرعی اداروں، بالخصوص حرم امام حسینؑ کے زیر انتظام منصوبوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا
انجینئر الطائی کے مطابق مجوزہ تعاون میں پھولوں، سبزیوں اور بیجوں کی پیداوار کے علاوہ گندم اور دیگر زرعی اجناس کی کاشت و پیداوار سے متعلق اہم منصوبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی شامل ہے
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حرم امام حسینؑ کے زیر انتظام زرعی منصوبے حکومتی کوششوں کو تقویت دینے اور عراق میں غذائی تحفظ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں میں عین التمر ضلع کے جزیرہ علاقے میں تقریباً پانچ ہزار دونم اراضی پر گندم کی کاشت بھی شامل ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں زیرِ کاشت رقبے کو مزید وسعت دینے کے لیے بھی کام جاری ہے
انجینئر رزاق الطائی نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران متعدد مشترکہ امور پر اتفاق کیا گیا۔ ہالینڈ کے سفارت خانے اور شریک کمپنیوں نے مستقبل میں رابطوں اور تعاون کو جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ اس سلسلے میں مزید ملاقاتوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کے علاوہ ہالینڈ کی نئی کمپنیوں اور وفود کو عراق مدعو کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاکہ دونوں جانب کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے، زرعی منصوبوں کی ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں اور مشترکہ اہداف کے حصول میں پیش رفت ہو سکے۔



