عراق: مذہبی سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے اسٹریٹجک منصوبہ
عراق کے سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے 2035ء کی قومی حکمتِ عملی تیار کرنے کے مجوزہ وژن پر غور کے لیے ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں حکومتی اداروں، صوبائی نمائندوں اور سیاحتی شعبے سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی
عراق کی سیاحت اتھارٹی کے سربراہ ناصر غانم مراد نے بتایا کہ اتھارٹی نے عراق کے سیاحتی شعبے کی ترقی اور اس کے لیے جامع قومی حکمتِ عملی کی تیاری کے سلسلے میں یہ ورکشاپ منعقد کی ہے۔ ورکشاپ کا انعقاد عراق میں اقتصادی تبدیلی کے فروغ کے منصوبے کے تحت جرمن ایجنسی برائے بین الاقوامی تعاون (GIZ) کے تعاون سے کیا گیا
انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کا مقصد 2035ء کے لیے تیار کیے گئے اسٹریٹجک وژن کو سیاحتی شعبے کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل حکمتِ عملی میں تبدیل کرنا ہے، جس میں ریاست کی تمام وزارتیں، صوبے اور سیاحتی شعبے سے وابستہ ادارے شریک ہوں گے
انہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے کی ترقی ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے اس حوالے سے ایک جامع منصوبہ تیار کرکے کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، تاکہ اسے مستقبل میں سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے بنیادی دستاویز بنایا جا سکے
دریں اثنا، اقتصادی تبدیلی کے فروغ کے منصوبے کے سربراہ میتھیاس باخ نے کہا کہ عراق میں سیاحت کے امکانات غیر معمولی ہیں، جہاں قدیم تاریخی ورثہ اور جدید ثقافتی و سیاحتی مقامات ایک ساتھ موجود ہیں
انہوں نے کہا کہ وژن کی دستاویز کے مطابق عراق ’’قدیم ترین خزانہ اور جدید ترین دریافت ہے
انہوں نے مزید کہا کہ 2035ء کے لیے مقرر کیے گئے اہداف میں عراق کی مجموعی ملکی پیداوار میں سیاحت کے شعبے کا حصہ 10 فیصد تک پہنچانا، 15 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ایک کروڑ سیاحوں کو عراق کی جانب راغب کرنا شامل ہے
میتھیاس باخ نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مربوط اور مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پانچ مجوزہ ورکشاپس میں سے پہلی ہے، جبکہ آئندہ ورکشاپس بغداد، اربیل، کربلا، موصل اور بصرہ میں منعقد کی جائیں گی، جن کا مقصد سیاحتی شعبے کی ترجیحات اور عملی اقدامات کا جائزہ لینا ہے
انہوں نے کہا کہ جرمن حکومت کی جانب سے GIZ کے ذریعے نافذ کیے جانے والے اقتصادی تبدیلی کے فروغ کے منصوبے کے تحت وزارتِ منصوبہ بندی اور دیگر شراکت داروں کو اقتصادی ترقی کے مختلف شعبوں، بالخصوص سیاحت کے شعبے میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے
انہوں نے کہا کہ سیاحت عراق میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو متنوع بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے
میتھیاس باخ نے کہا کہ جرمنی کو اس منصوبے کے ذریعے عراق کے مضبوط سیاحتی وژن کو ایک عملی، مشترکہ اور قابلِ نفاذ روڈ میپ میں تبدیل کرنے کے عمل کی حمایت پر فخر ہے
انہوں نے مزید کہا کہ عراق کے سیاحتی شعبے کا مستقبل ان فیصلوں پر منحصر ہوگا جو حکومت اور نجی شعبے کے درمیان ہونے والی مشاورت میں کیے جائیں گے، جہاں حکمتِ عملی کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ورکشاپ عراق کے سیاحتی شعبے کی ترقی کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہوگی



