زیارتِ اربعین: حرمِ امام حسینؑ کا منفرد ماحولیاتی موکب، زائرین میں ماحول دوست شعور بیدار کرنے کی مہم

2026-08-03 08:34

حرمِ امام حسینؑ کے زیرِ انتظام وارث اکیڈمی نے زیارتِ اربعین کے موقع پر کربلا آنے والے لاکھوں زائرین میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی کیمپ قائم کیے ہیں

اربعینِ حسینی کے لیے لاکھوں زائرین کی آمد کے پیشِ نظر کربلائے مقدسہ میں اس عظیم روحانی اجتماع کو ماحولیاتی آگاہی اور پائیدار ترقی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بھی بنایا جا رہا ہے

اسی مقصد کے تحت اکیڈمی نے آبی وسائل کے تحفظ، ماحول کی بہتری اور عراق کو سرسبز بنانے کے لیے ایک جامع عوامی مہم کا آغاز کیا ہے

اکیڈمی کے ڈائریکٹر انجینئر عقیل الشریفی نے کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اس اقدام کا مقصد نہضتِ حسینی کی اصلاحی تعلیمات کو عملی سماجی اور ترقیاتی سرگرمیوں سے جوڑنا ہے

انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ زائرین تک رسائی کے لیے دو مرکزی مقامات پر آگاہی مراکز قائم کیے گئے ہیں

انہوں نے بتایا کہ پہلا معلوماتی موکب مدینۂ امام حسینؑ برائے زائرین کے قریب جبکہ دوسرا قدیم شہر میں اکیڈمی کے دفتر کے نزدیک قائم کیا گیا ہے، تاکہ زائرین تک ماحول کے تحفظ اور وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے

انہوں نے مزید کہا کہ ان آگاہی کیمپوں میں موجود تعلیمی مواد کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، آبی وسائل کے تحفظ، پانی کے مؤثر استعمال، اربعین کے پیدل سفر کے دوران وسائل کی بچت، ماحولیاتی آلودگی میں کمی، کچرے کے درست انتظام، ماحول دوست طرزِ عمل، زرعی شعور کے فروغ اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے

اس موقع پر اکیڈمی نے اپنی اسٹریٹجک مہم ہمارا عراق، آپؑ کے نام سے سرسبز کا بھی آغاز کیا

اس مہم کا مقصد حضرت امام حسینؑ سے محبت اور وفاداری کے جذبے کو عملی خدمت سے جوڑتے ہوئے ہر زائر کو عراق میں شجرکاری اور ماحول کی بحالی کا فعال شریک بنانا ہے

انجینئر عقیل الشریفی نے کہا کہ زمین اور قدرتی وسائل کا تحفظ نہضتِ حسینی کے اصلاحی پیغام کا اہم حصہ ہے

ہم اس عظیم انسانی اجتماع کو معاشرتی شعور میں مثبت تبدیلی لانے اور پائیدار ترقی کے اصولوں کو عوامی طرزِ زندگی کا حصہ بنانے کے لیے ایک بہترین موقع سمجھتے ہیں۔

المرفقات

العودة إلى الأعلى