زائرین کے لیے خوشخبری: آئندہ ہفتے سے عتباتِ عالیات میں مفت انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا

2026-05-30 13:18

عراق کے وزیرِ مواصلات مصطفیٰ سند نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتے سے مقدس مقامات میں مفت انٹرنیٹ (Free Wi-Fi) سروس کا آغاز کیا جائے گا

وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے جنرل کمپنی برائے مواصلات و معلوماتی ٹیکنالوجی کو ہدایت جاری کی ہے کہ 18 ذی الحجہ، عیدِ غدیرِ اکبر سے تمام عتباتِ عالیات اور مزارات میں مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کی جائے، تاکہ زائرین کو ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں آسانی ہو

اربعینِ حسینی کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے کروڑوں زائرین کی آمد سے قبل اس منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں گے یہ منصوبہ مختلف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا، جن میں ارثلنک، عراق سیل، سپر سیل، فائبر ایکس، الجزیرہ اور الصباح التقنیة شامل ہیں

ابتدائی مرحلے میں آزمائشی بنیادوں پر ہفتہ وار سروس فراہم کی جائے گی، جبکہ سال بھر ہر جمعرات اور جمعہ کو درج ذیل مقدس مقامات اور ان کے اطراف میں مفت انٹرنیٹ سروس دستیاب ہوگی: حرمِ امیرالمؤمنینؑ، حرمِ امام حسینؑ، حرمِ حضرت عباسؑ، حرمِ امامین کاظمینؑ، حرمِ امامین عسکریینؑ اور مرقدِ ابو حنیفہ اور غوث پاک شامل ہونگے

ان تمام مقامات پر مختلف مذہبی مناسبات کے دوران بھی مفت انٹرنیٹ فراہم کیا جائے گا، جن میں جشنِ میلادِ رسولِ اکرمؐ، عیدِ مبعث، عیدِ غدیر، شعبانیہ زیارت، آئمۂ اطہارؑ کی ولادت اور شہادت کے ایام، یکم محرم الحرام سے ماہِ صفر کے اختتام تک کے ایام، نیز دیگر خصوصی مذہبی مناسبات شامل ہیں۔

اس سال عاشورا اور اربعین کے دوران خصوصی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی

تمام مقامی اور بین الاقوامی نیٹ ورکس اور اضافی انٹرنیٹ گنجائش کو فعال کیا جائے گا، تاکہ یکم محرم سے آخرِ صفر تک بین الحرمین اور اس کے اطراف میں زائرین کو مفت انٹرنیٹ اور مواصلاتی خدمات فراہم کی جا سکیں

اسی طرح تمام سرحدی گزرگاہوں، ہوائی اڈوں اور عوامی راستوں پر، جہاں سے زائرین عراق میں داخل ہوتے ہیں، مفت انٹرنیٹ سروس مہیا کی جائے گی۔

بیان کے مطابق وزیرِ مواصلات نے شریک کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مناسب تشہیری اور خدماتی منصوبے پیش کریں اور ایسے ذرائع اختیار کریں جو زائرینِ کرام کی خدمت کے لیے وزارتِ مواصلات کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت سہولیات کو مؤثر انداز میں نمایاں کریں


العودة إلى الأعلى