میدان جنگ میں کامیابی کے اسباب اور مؤثر حکمت عملیاں
جنگیں انسانی تاریخ کا ایک اہم اور پیچیدہ حصہ رہی ہیں، جن میں مختلف اقوام، تہذیبوں اور نظریات کے درمیان تصادم ہوتا رہا ہے
بظاہر دیکھا جائے تو ہر جنگ میں کامیابی کا دار و مدار چند واضح اسباب پر ہوتا ہے، جیسے عددی برتری، بہتر جنگی حکمتِ عملی، مضبوط اسلحہ، منظم فوج اور درست منصوبہ بندی۔ یہ تمام عناصر اپنی جگہ اہم اور مؤثر ہیں، اور ان کا انکار ممکن نہیں۔ تاہم تاریخ کے گہرے مطالعے سے یہ حقیقت بھی سامنے آتی ہے کہ یہ ظاہری اسباب ہمیشہ فیصلہ کن ثابت نہیں ہوتے
اصل سوال یہ ہے کہ پھر وہ کون سا عنصر ہے جو کمزور کو طاقتور پر غالب کر دیتا ہے؟ اور وہ کون سا راز ہے جو محدود وسائل رکھنے والی اقوام کو بھی عظیم فتوحات سے ہمکنار کر دیتا ہے؟ یہی وہ نکتہ ہے جو ہمیں جنگوں کے حقیقی راز تک پہنچاتا ہے
اسلامی تاریخ اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ جنگوں میں اصل فیصلہ کن قوت صرف مادی اسباب نہیں بلکہ ایمان، یقینِ کامل اور مقصد کی حقانیت ہوتی ہے۔ جب کوئی قوم اپنے مقصد کو سچا سمجھتی ہے، اپنے رب پر کامل بھروسہ رکھتی ہے، اور اصولوں پر ثابت قدم رہتی ہے تو وہ ظاہری کمزوری کے باوجود بھی غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرتی ہے۔
اسلامی جنگوں میں جنگِ بدر اس حقیقت کی واضح مثال ہے، جہاں مسلمانوں کی تعداد کم اور وسائل محدود تھے، جبکہ مخالفین ہر لحاظ سے برتر تھے۔ لیکن نتیجہ ایک ایسی شاندار فتح کی صورت میں نکلا جسے قرآن نے الٰہی نصرت قرار دیا: کم من فئہ قلیلہ غلبت فئہ کثیرہ بإذن اللہ
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ اصل قوت تعداد نہیں بلکہ اللہ کی مدد اور ایمان کی طاقت ہے۔
اسی طرح جنگِ خندق میں مسلمانوں نے شدید محاصرے اور سخت حالات کا سامنا کیا، مگر ایمان، صبر اور حکمت عملی نے انہیں کامیابی عطا کی
حضرت علی علیہ السلام کا عمرو بن عبدود کے مقابلے میں آنا اور اسے شکست دینا اس بات کا عملی اظہار تھا کہ ایمان کی قوت مادی طاقت سے کہیں زیادہ مؤثر ہے
اگر انسانی تاریخ کے بڑے واقعات پر نظر ڈالی جائے تو کربلا ایک ایسا معرکہ ہے جو ظاہری طور پر شکست نظر آتا ہے، مگر حقیقت میں یہ ابدی فتح ہے۔ امام حسین علیہ السلام نے یہ واضح کر دیا کہ کامیابی کا معیار تلوار کی جیت نہیں بلکہ حق پر استقامت ہے۔ ان کا مختصر قافلہ اس بات کی دلیل ہے کہ جب مقصد حق ہو تو قلیل تعداد بھی تاریخ بدل دیتی ہے
اسی طرح حضرت امام علی علیہ السلام کی سیرت بھی ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ اصل قوت جسمانی طاقت نہیں بلکہ ایمان اور یقین ہے۔ جنگ خیبر میں آپ علیہ السلام کی فتح اس بات کی علامت ہے کہ خدا پر کامل اعتماد انسان کو ناممکن کو ممکن بنانے کی طاقت عطا کرتا ہے۔
ان تمام مثالوں سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ جنگوں میں مادی اسباب محض ظاہری عوامل ہیں، اصل اور مرکزی راز ایمان، یقین، اخلاص اور مقصد کی سچائی ہے۔ یہی وہ قوت ہے جو انسان کو خوف سے آزاد کر کے ثابت قدمی عطا کرتی ہے اور کمزور کو بھی تاریخ کا فاتح بنا دیتی ہے۔
آج کے دور میں بھی جنگیں صرف میدان کارزار تک محدود نہیں رہیں بلکہ فکری، ثقافتی اور نظریاتی میدانوں تک پھیل چکی ہیں۔ ایسے حالات میں یہی سبق سب سے زیادہ اہم ہے کہ کامیابی کا راز وسائل کی کثرت نہیں بلکہ عقیدہ کی مضبوطی اور مقصد پر استقامت ہے
نتیجتاً کہا جا سکتا ہے کہ جنگوں میں ظاہری اسباب ضرور اہم ہیں، مگر اصل فیصلہ کن عنصر ایمان اور یقین ہے۔ یہی وہ چراغ ہے جو ہر دور میں کامیابی کی راہ روشن کرتا ہے اور انسان کو شکست سے نکال کر فتح و نصرت کے مقام تک پہنچاتا ہے۔
شاعر نے کیا خوب کہا ھے
کافر ھو تو شمشیر پہ کرتا ھے بھروسہ
مومن ھو تو بے تیغ بھی لڑتا ھے سپاھی



