ولادت امام حسین(ع) کے موقع پر حرم حضرت عباس(ع) کی جانب سے 'سید جعفر الحلی میڈیکل سنٹر' کا افتتاح
حضرت امام حسین (علیہ السلام) کے یومِ ولادت کی بابرکت مناسبت پر، حرم حضرت عباس (علیہ السلام) نے زائرین کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مرکز سید جعفر الحلی (رحمہ اللہ) برائے ہنگامی طبی خدمات کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے
افتتاحی تقریب میں روضہ مبارک کے متولیِ شرعی جناب علامہ سید احمد صافی (دام عزہ)، اور حرم کے متعدد اعلیٰ انتظامی عہدیداران، عراق کے وزیرِ صحت ڈاکٹر صالح حسناوی، گورنر کربلا سید نصیف خطابی کے ساتھ مختلف شعبہ ہائےزندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی
معزز مہمانوں نے مرکز کے مختلف شعبوں کا وزٹ کیا جہاں انھیں اس مرکز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اورآپریشنل طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ یہ مرکز جدید ترین طبی آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو ہنگامی صورتحال میں مریضوں کی فوری تشخیص اور درست علاج کو یقینی بناتا ہے، تاکہ مولا امام حسین (علیہ السلام) اور حضرت ابوالفضل العباس (علیہ السلام) کے زائرین کو صحت عامہ کی بہترین سہولیات میسر آ سکیں
روضہ مبارک کے شعبۂ طبی امور کی سربراہ ڈاکٹر ہیفاء تمیمی نے اس موقع پر بتایا کہ: آج ہم نے امام حسین (علیہ السلام) کے جشنِ میلاد کے پُرمسرت موقع پر اس مرکز کا افتتاح کیا ہے، جس کا بنیادی مقصد زائرین کو بلامعاوضہ اعلیٰ معیار کی طبی خدمات فراہم کرنا ہے
انہوں نے مزید بتایا کہا کہ: یہ سنٹر اس شہر میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز ہے جو اس قدر وسیع پیمانے پر مفت خدمات دے رہا ہے۔ اس میں فارمیسی، مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ ایمرجنسی وارڈز، ڈاکٹروں کے کمرے، ڈینٹل یونٹ، لیبارٹری، مائنر آپریشن تھیٹر، الٹرا ساؤنڈ اور ایکسرے رومز کے ساتھ ساتھ ایک انتظامی بلاک بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر تمیمی نے واضح کیا کہ یہ مرکز وزارتِ صحت اور محکمہ صحت کربلا کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی یہ کاوش زائرین کے لیے صحت کی خدمات کو بہتر بنانے اور عالمی معیار کے مطابق فوری طبی امداد اور علاج کو یقینی بنانے کے پختہ عزم کا حصہ ہے


