حرمِ امام حسینؑ کی جانب سے صحنِ امام حسنؑ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا اعلان
عتبۂ حسینیہ مقدسہ کے کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ نے صحنِ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا اعلان کر دیا ہے
ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ انجینئر حسین رضا مہدی نے بتایا کہ صحنِ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کے منصوبے میں موجودہ مراحل کے دوران زمین کی تیاری، واٹر پروفنگ کے کام اور فرش بچھانے کے اقدامات جاری ہیں، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ نکاسیٔ آب کے نظام کی تکمیل بھی کی جا رہی ہے، تاکہ بنیادوں کے پہلے حصے پر کام کا آغاز کیا جا سکے
انہوں نے وضاحت کی کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جو حائل دیوار (ریٹیننگ وال) کا مرحلہ تھا، اور یہ منصوبے کے مشکل ترین مراحل میں شمار ہوتا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ صحنِ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کا یہ منصوبہ صحنِ امام حسین علیہ السلام کے بڑے توسیعی منصوبے کے دوسرے حصے پر مشتمل ہے، اور اس کا مجموعی تعمیراتی رقبہ تقریباً ایک لاکھ مربع میٹر ہے
ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ عتبۂ حسینیہ مقدسہ کے اُن اہم منصوبوں میں شامل ہے جن کا مقصد زائرین کی گنجائش میں اضافہ کرنا اور زیارات و مذہبی مناسبات کے دوران شہر میں ہونے والے ازدحام کو کم کرنا ہے



