اربیل میں جشنِ ولادت امام علیؑ کی پروقار تقریب، مختلف مکاتبِ فکر کی شرکت نے معاشرتی اتحاد کی عکاسی کی

2026-01-04 13:38

عراق کے صوبہ اربیل، اقلیمِ کردستان میں حرمِ امام حسینؑ کی جانب سے محبت، امن اور روحانیت سے بھرپور ایمانی فضا میں امیرالمؤمنین حضرت امام علی بن ابی طالبؑ کے یومِ ولادت کی مناسبت سے ایک پروقار جشن کا انعقاد کیا گیا

یہ بابرکت تقریب اقلیمِ کردستان کی وزارتِ اوقاف کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں مختلف دینی و سماجی شخصیات کے علاوہ اقلیم کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اقلیمِ کردستان میں حرمِ امام حسینؑ کے نمائندے شیخ علی القرعاوی نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ یہ تقریب امام علیؑ کے اس جامع انسانی پیغام کی تجدید ہے جو انسانیت، باہمی ہم آہنگی، پُرامن بقائے باہمی اور قومی وحدت کی مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

شیخ علی القرعاوی نے کہا کہ وزارتِ اوقاف کے ساتھ باہمی ہم آہنگی اور مشاورت کے تحت اربیل میں امام علیؑ کی ولادت کی مناسبت سے اس تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھرپور شرکت نے اس پیغام کو مزید تقویت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حرمِ امام حسینؑ عراق کے اندر اور باہر اپنے دینی و انسانی مشن کو پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد محبت، اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کے ساتھ ساتھ تفرقہ اور اختلافات کا خاتمہ ہے، اور اس مشن میں اہلِ بیتؑ کی سیرت کو مشعلِ راہ بنایا جا رہا ہے۔

یہ پروقار تقریب معتدل دینی فکر کے فروغ، مختلف معاشرتی طبقات کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور اقلیمِ کردستان سمیت پورے عراق میں سماجی امن و استحکام کے قیام کے لیے کی جانے والی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے


المرفقات

العودة إلى الأعلى