کربلا: سفیر اسپتال زائرینِ حسینی کی خدمات کے لیے 24 گھنٹے تیار
حرم امام حسینؑ کے زیرِ اہتمام سفیر اسپتال نے اربعین امام حسینؑ کے لیے آنے والے زائرین کی خدمت کے لیے ایک جامع طبی منصوبہ شروع کر دیا ہے، جس میں مختلف میڈیکل ٹیموں، نرسنگ اور انتظامی شعبوں کے عملے نے حصہ لیا ہے
اسپتال کے معاونِ انتظامی انجینئر عباس عبد علی نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری ردعمل کو یقینی بنانا اور دن رات بروقت طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے میں مختلف شعبوں کے 1750 ملازمین اور رضاکار شامل ہیں، جن میں 300 ڈاکٹر اور لیڈی ڈاکٹر، 250 موبائل ایمبولینس کے عملے کے ارکان شامل ہیں، جبکہ کربلا کی طرف آنے والے اہم راستوں پر 40 بڑی اور چھوٹی ایمبولینس گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال میں 230 بستر مختص کیے گئے ہیں اور دل کے مریضوں کے لیے خصوصی ریکوری وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک موبائل کارڈیک کیتھیٹرائزیشن مشین اور موبائل ایکسرے مشین فراہم کی گئی ہے تاکہ تشخیص کے عمل کو تیز کیا جا سکے
انہوں نے مزید بتایا کہ دو فیلڈ اسپتال مکمل آپریشن تھیٹرز کے ساتھ تیار کیے گئے ہیں، جن میں نو مختلف طبی شعبے شامل ہیں، نیز ایک مکمل تجزیاتی لیبارٹری بھی موجود ہے
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ سرگرمیوں میں 10 فیلڈ میڈیکل یونٹس اور 3 ایمرجنسی سینٹرز شامل ہیں، جو جغرافیائی طور پر اس طرح تقسیم کیے گئے ہیں کہ بروقت زائرین تک 24 گھنٹے صحت کی خدمات پہنچ سکیں