مضیفِ امام حسینؑ کا محرم الحرام میں نیاز و ضیافت کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان
روضہ مبارک حضرت امام حسین علیہ السلام کے شعبۂ مضیف نے شبِ اولِ محرم الحرام 1447ھ کے موقع پر علمِ مبارک کی تبدیلی کی پُروقار تقریب اور ایّامِ عزا کے لیے ایک جامع خدمتی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد زائرینِ حسینی کو بہترین ضیافت اور خدمات کی فراہمی ہے
شعبے کے سربراہ جناب عدنان النقیب نے اس موقع پر بتایا اس سال شبِ اولِ محرم میں زائرین کے لیے تقسیم کی جانے والی نیاز کی مقدار میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ دنیا بھر سے آنے والے عاشقانِ امام حسین علیہ السلام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اسی مقصد کے تحت مضیف کی عملی و انتظامی صلاحیتوں کو مزید تقویت دی جا رہی ہے
انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کو سبیل ٹھنڈے پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے حرم کے اطراف چار نئے میدانی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں، جو اُن مقامات پر واقع ہیں جہاں زائرین کی آمد و رفت سب سے زیادہ ہوتی ہے
ان مقامات میں باب قبلہ، باب شہداء، باب سدرہ اور باب کرامہ شامل ہیں
عدنان النقیب نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مضیف کا ہر کارکن، خواہ وہ عام ملازم ہو یا اعلیٰ انتظامیہ کا فرد، زائرینِ امام حسین علیہ السلام کی خدمت کو اپنے لیے سعادت اور شرف سمجھتا ہے۔ ہم اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل بروئے کار لا کر اس خدمت کو جاری رکھیں گے، تاکہ عزاداروں کو ضیافتِ حسینی کے شایانِ شان تجربہ فراہم کیا جا سکے