حج آپریشن: العراقیہ نے 17 ہزار سے زائد عازمینِ حج کو سعودی عرب پہنچا دیا
عراقی ایئرلائنز نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے 17 ہزار سے زائد عازمینِ حج کو دیارِ مقدسہ روانہ کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ مرحلہ 4 سے 28 مئی کے دوران، ملک کے مختلف ہوائی اڈوں سے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں تک، 105 براہِ راست پروازوں کے ذریعے مکمل کیا گیا
یہ تمام کارروائی وزارتِ ٹرانسپورٹ کی نگرانی میں ایک منظم اور مربوط منصوبہ بندی کے تحت انجام پائی
بیان کے مطابق، اس سال حج آپریشن کے دوران غیر معمولی تنظیمی و خدمتی انتظامات کیے گئے، جس کی بدولت تمام پروازیں بغیر کسی تاخیر یا رکاوٹ کے اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں
عراقی ایئرلائنز کے ڈائریکٹر جنرل، مناف عبد المنعم نے کہا کہ حاجیوں کے پہنچانے کا عمل مکمل روانی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام پایا، جو کمپنی کے عملے کی بھرپور تیاری، انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کا نتیجہ ہے
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابیاں کمپنی کے اس دیرینہ عزم کی عکاس ہیں کہ وہ بین الاقوامی معیار کے مطابق فضائی خدمات فراہم کرے اور قومی ایئرلائن کے حوالے سے مسافروں کا اعتماد مزید مضبوط کرے۔
دوسری جانب دنیا بھر سے ایک ملین سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جن میں سے 9 لاکھ 78 ہزار افراد فضائی، 50 ہزار زمینی اور 4 ہزار سے زائد سمندری راستوں کے ذریعے سعودی عرب میں داخل ہوئے ہیں۔