کربلا: حرم حضرت عباس علیہ السلام کے زیر اہتمام پانچویں کانوکیشن تقریب میں 64 یونیورسٹیوں کی شرکت

2025-04-12 08:38

حرم حضرت عباس علیہ السلام کے زیر اہتمام پانچویں کانوکیشن تقریب بین الحرمین میں منعقد ہوئی، جس میں 64 یونیورسٹیوں کے 5000 طلباء نے شرکت کی اور ڈگریاں اور گولڈ میڈلز حاصل کیے

یہ مرکزی گریجویشن تقریب حرم کے شعبہ تعلقات برائے کالج و یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقد کی گئی، جس میں عراق کے مختلف صوبوں سے 64 جامعات کے طلباء نے حصہ لیا۔ اس تقریب کا عنوان تھا "من غيث كربلاء ينبت العطاء"۔

اس موقع پر بڑی تعداد میں طلباء، ان کے والدین اور زائرین نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی حرم حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی جناب سید احمد الصافی تھے، جبکہ حرم کے دیگر ذمہ داران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی اس تقریب میں موجود تھیں۔

تقریب کے آغاز میں متولی شرعی کی اہم خطاب کے بعد، وزارت تعلیم کے نمائندے، ڈاکٹر تحسین حسین، جو یونیورسٹی آف دیالی کے صدر بھی ہیں، نے خطاب کیا۔ اس کے بعد گریجویٹ طلباء کی نمائندگی میں ایک تقریر پیش کی گئی۔

اس خوبصورت تقریب میں ممتاز شاعر محمد الفاطمی کی نظم، مداح عمار کنانی کی انشادی پیشکش، "امید" کے عنوان سے ایک تھیٹر پرفارمنس، اور ایک ویڈیو پیش کی گئی جس میں ایک متاثر کن کامیابی کی کہانی دکھائی گئی۔ مزید برآں، پوزیشن ہولڈر طلباء، شہداء کے اہل خانہ اور شریک جامعات کے صدور کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔

یہ تقریب نہ صرف تعلیمی کامیابیوں کا جشن تھی، بلکہ حرم حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے طلباء کی حوصلہ افزائی اور ان کے لیے ایک مثالی گریجویشن پروگرام پیش کرنے کی ایک اہم کوشش بھی تھی

المرفقات

العودة إلى الأعلى