مرجعِ دینی کے نمائندے کی جانب سے بین الاقوامی مرکزِ تبلیغِ قرآنی کو اعزازی شیلڈ پیش

2025-04-09 12:05

حرم امام حسین علیہ السلام کے زیرِ اہتمام قائم بین الاقوامی مرکزِ تبلیغِ قرآنی کو قرآنِ کریم کے نور کو عراق اور بیرونِ ملک پھیلانے کی مسلسل اور مخلصانہ کاوشوں کے اعتراف میں مرجعِ دینی کے نمائندے کی جانب سے اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا

مرکز کے مسئول، جناب منتظر منصوری نے کربلاء ٹوڈے کو بتایا کہ یہ اعزاز ایک رسمی ملاقات کے دوران دیا گیا، جو متولیِ شرعی، جنابِ شیخ عبدالمہدی کربلائی کے دفتر میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کے اندر منعقد ہوئی۔

اس ملاقات میں رمضان المبارک کے دوران منعقدہ قرآنی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں، جبکہ امورِ قرآنی کے لیے سیکریٹری جنرل کے مشیر بھی شریک تھے

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز مجھے اور جناب محمد باقر منصوری کو ان نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا جو ہم نے قرآنی سرگرمیوں کی بنیاد رکھنے، ان کے موثر انتظام و انصرام اور عالمی سطح پر مؤثر پروگراموں کے انعقاد میں انجام دیں، جن کے ذریعے قرآنی ثقافت کے فروغ میں گراں قدر اثرات مرتب ہوئے

جناب منصوری نے کہا کہ یہ اعزاز محض ایک تعریفی سند نہیں بلکہ ایک اخلاقی اور روحانی تحریک ہے، جو مرجعیتِ دینیہ کی جانب سے قرآنی منصوبوں میں گہری دلچسپی اور ان کی پائیداری کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنابِ شیخ عبدالمہدی کربلائی کی قیمتی ہدایات ہمیشہ ہمارے لیے مشعلِ راہ اور تحریکِ عمل رہی ہیں

اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ مرکز کے تمام اراکین اس مبارک قرآنی مشن کو نئے ولولے، بلند حوصلوں اور خالص نیت کے ساتھ جاری رکھیں گے، تاکہ قرآن کا آفاقی پیغام دنیا کے کونے کونے تک بہترین انداز میں پہنچایا جا سکے

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس ملاقات کے دوران مرکز کے ایک فعال رکن، حاج اسامہ کربلائی کو بھی خصوصی اعزاز سے نوازا گیا، جو دونوں مقدس حرموں میں قاری اور مؤذن کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ یہ اعزاز ان کی نمایاں خدمات، شاندار کامیابیوں اور اندرون و بیرونِ ملک قرآنی محافل و مسابقات میں فعال شرکت کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔

المرفقات

العودة إلى الأعلى