امام ہادی علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے سامراء میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل
وزارت داخلہ نے سامراء مقدسہ میں امام ہادی (علیہ السلام) کے یوم شہادت پر زیارت کے لیے آنے والے زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں
وفاقی پولیس کے سامراء زون کے کمانڈر، میجر جنرل احمد حاتم الاسدی کی زیر صدارت ایک خصوصی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں زیارت کے دوران زائرین کی سلامتی اور سہولت کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کانفرنس میں سامراء کے قائم مقام، چوتھے ڈویژن کے کمانڈر، اور دیگر سیکیورٹی اور حکومتی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کانفرنس میں زیارت کے دوران نافذ کیے جانے والے جامع سیکیورٹی منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان اقدامات میں سامراء کے ارد گرد سیکیورٹی کو مضبوط بنانا، داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی، زائرین اور مواکب کو تحفظ فراہم کرنا شامل ہیں۔ اجلاس میں خاص طور پر اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام سیکیورٹی ادارے، بشمول انٹیلیجنس اور دیگر متعلقہ فورسز، باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کریں تاکہ زیارت کا عمل بلاتعطل جاری رہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔
علاقے کے کمانڈر نے سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی میں اداروں کے مابین ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ زیارت کے دوران زائرین کو طبی اور لاجسٹک سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بنایا گیا ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس منصوبے کی کامیابی کے لیے ٹیم ورک اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس اہم مذہبی موقع کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ ہر سال تین رجب کو سامراء میں دنیا بھر سے لاکھوں زائرین امام ہادی (علیہ السلام) کے یوم شہادت کی مناسبت سے امام زمانہ (عج) کو پرسہ پیش کرنے کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے یہ اقدامات زائرین کے تحفظ اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ہیں تاکہ یہ بابرکت موقع پرامن اور مؤثر انداز میں منعقد ہو سکے۔
ابو علی