پاکستان: وارث الانبیا سکول اسلام آباد کی پہلی سالانہ تقریب تقسیم انعامات

2026-05-24 14:22

پاکستان میں حرم حضرت امام حسین علیہ السلام کی سرپرستی میں قائم ہونے والا پہلا تعلیمی ادارہ’’وارث الانبیا اسکول اسلام آباد‘‘میں پہلے تعلیمی سال کی کامیاب تکمیل پر ایک پروقار سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد کی گئی۔

پاکستان میں حرم حضرت امام حسین علیہ السلام کی سرپرستی میں قائم ہونے والا پہلا تعلیمی ادارہ’’وارث الانبیا اسکول اسلام آباد‘‘میں پہلے تعلیمی سال کی کامیاب تکمیل پر ایک پروقار سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد کی گئی۔ یہ ادارہ محسنِ ملت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی رضوان الله تعالى عليه کی قرآنی فکر، دینی بصیرت اور تعلیمی و تربیتی تحریک کا ایک روشن اور مثالی تسلسل ہے۔

وارث الانبیا اسکول کی بنیاد اپریل 2025ء میں جامعۃ الکوثر اور حرم حضرت امام حسین علیہ السلام کے باہمی تعاون سے رکھی گئی، جبکہ اسی سال ادارے میں باقاعدہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔ قلیل مدت میں یہ ادارہ دینی و عصری علوم کے متوازن اور مؤثر امتزاج کی بدولت والدین، اہلِ علم اور تعلیمی حلقوں کی خصوصی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکا ہے۔

تقریب میں وکیلِ مرجعیت علامه شیخ انور علی نجفی دام ظله، وارث الانبیا اسکول اسلام آباد کے سربراہ علامہ شیخ محمد اسحاق نجفی، و دیگر علمائے کرام، دانشور شخصیات، والدین، مومنین و مومنات اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران طلبہ نے مختلف موضوعات پر تقاریر پیش کیں، جبکہ ادارے کی انفرادیت کو اجاگر کرتے ہوئے حفظِ قرآن کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ ننھے حفاظِ کرام کی بہترین کارکردگی کو حاضرین نے بے حد سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی علامه شیخ انورعلی نجفی دام ظله نے اپنے کلیدی خطاب میں قرآنِ کریم کی تعلیم، حفظِ قرآن کی اہمیت اور عصری علوم کی افادیت پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے احادیثِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں حفاظِ القرآن کے مقام و منزلت کو بیان کیا اور والدین و اساتذہ کو نئی نسل کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔

حفظ القرآن اور اکیڈمک سیکشنز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح سال بھر مختلف نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بھی خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔

خصوصی طور پر دونوں سیکشنز میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو وکیلِ مرجعیت شیخ انور علی نجفی کی جانب سے “ڈیجیٹل قرآن” بطور خصوصی تحفہ پیش کیا گیا۔

تقریب میں شریک والدین نے وارث الانبیا اسکول اور اس کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف بچوں کی علمی صلاحیتوں کو نکھار رہا ہے بلکہ ان کی دینی تربیت، اخلاقی کردار اور گھریلو ماحول میں بھی مثبت تبدیلی کا سبب بن رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر تقریب کے مہمانِ خصوصی وکیلِ مرجعیت علامه شیخ انور علی نجفی دام ظله کو اسکول کی طرف سے خصوصی سووینئر پیش کیا گیا۔

المرفقات

العودة إلى الأعلى