کربلا: اعیادِ شعبانیہ کی مناسبت سے بین الاقوامی جشن کی تیاریاں مکمل
حرمِ امام حسینؑ کے زیرِ اہتمام اعیادِ شعبانیہ کی مناسبت سے منعقد ہونے والے سالانہ بین الاقوامی ربیع الشہادہ ثقافتی فیسٹیول کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں
حرمِ حسینی میں شعبۂ فیسٹیولز کے سربراہ جناب علی کاظم سلطان نے بتایا کہ تین شعبان المعظم، امام حسینؑ کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے منعقد ہونے والے اٹھارہویں بین الاقوامی ربیع الشہادہ ثقافتی فیسٹیول میں دنیا بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی
انہوں نے مزید کہا کہ امام حسینؑ اور اقمارِ شعبانیہ کی ولادت کی خوشی میں منعقد ہونے والا یہ فیسٹیول عالمی سطح پر عراقی ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے، جس کا بنیادی مقصد حسینی انقلاب کی انسانی اقدار کو دنیا تک پہنچانا اور ان کا تعارف کرانا ہے
علی کاظم سلطان کے مطابق یہ فیسٹیول مسلسل پانچ دن، 23 تا 27 جنوری 2026 تک جاری رہے گا، جس کے دوران متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں علمی و تحقیقی نشستیں، قرآنی اور شعری محافل، بین الاقوامی کتب میلہ، نیز امام حسینؑ اور اقمارِ شعبانیہؑ کی ولادت کی مناسبت سے دیگر تقریبات شامل ہیں
انہوں نے مزید بتایا کہ فیسٹیول کے پہلے روز بزرگ عالمِ دین، مرحوم علامہ سید محمد علی بحر العلومؒ کی شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا، ان کی علمی خدمات اور گزشتہ برسوں میں فیسٹیول کی کامیابی میں ان کے مؤثر کردار کے اعتراف کے طور پر، کیونکہ وہ فیسٹیول کی علمی کمیٹی کے رکن بھی رہے ہیں
انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول میں پچاس اسلامی اور غیر ملکی ممالک سے تعلق رکھنے والی دینی و سماجی اعتبار سے بااثر شخصیات شرکت کریں گی، جو اس ثقافتی پروگرام کو مزید وقار اور وسعت بخشیں گی۔
علی کاظم سلطان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ربیع الشہادہ فیسٹیول کا تسلسل اور اس کی کامیابی روضۂ حسینی کے متولیِ شرعی جناب شیخ عبدالمہدی کربلائی اور روضۂ عباسیہ کے متولیِ شرعی جناب سید احمد الصافی کی بھرپور سرپرستی اور تعاون کے بغیر ممکن نہ تھی



