موصل کے میڈیا وفد نے کربلاء معلی کا دورہ کیا

2025-10-12 13:26

عراق کے صوبہ نینویٰ کے شہر موصل سے تعلق رکھنے والے میڈیا کے ایک وفد نے کربلاء مقدسہ کا دورہ کیا اور امام حسین علیہ السلام کی زیارت کا شرف حاصل کیا

یہ دورہ عتبہ حسینیہ مقدسہ کے شعبہ امور دینیہ کے زیر اہتمام، نینویٰ میں قائم فکری و ثقافتی سرگرمیوں کے شعبے کے تعاون سے ترتیب دیا گیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد شہر کربلاء کے نمایاں مذہبی، تاریخی و ثقافتی مقامات کا مشاہدہ کرنا تھا

شیخ خلیل العلیاوی، جو مذکورہ شعبے کے سربراہ ہیں، نے کربلاء ٹوڈے نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفد میں نینویٰ سے تعلق رکھنے والے متعدد صحافی اور ثقافتی و فکری سرگرمیوں سے وابستہ افراد شامل تھے

انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران وفد نے سب سے پہلے امام حسین علیہ السلام اور ان کے بھائی حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی زیارت کی، اور حرمین شریفین کی جانب سے جاری خدماتی و ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی حاصل کی

دوسری جانب شعبہ امور دینیہ میں معاون علمی جناب شیخ احمد العاملی نے کہا کہ اس دورے کا مقصد بین الاضلاعی روابط کو فروغ دینا، کربلاء میں جاری تعمیری و ترقیاتی کاموں سے آگاہی حاصل کرنا اور شہر کی تاریخی، ثقافتی و فن تعمیر کی خصوصیات کو اجاگر کرنا تھا

دورے کے اختتام پر، وفد کے اراکین نے اس روحانی سفر پر اپنی خوشی اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے، کربلاء میں زائرین کے لیے فراہم کی گئی اعلیٰ درجے کی سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے عتبات مقدسہ کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا


وسوم : میڈیا وفد

العودة إلى الأعلى