نجف: بین الاقوامی قرآنی کورسز میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے 106 طلبہ کے اعزاز میں تقریب

2024-12-10 11:09

حرم امام علی علیہ السلام کے شعبہ دار القرآن کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی قرآنی کورسز کے نمایاں طلبہ کے اعزاز میں ایک پروقار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا


یہ تقریب ان کاوشوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد نئی نسل کو قرآنی تعلیمات اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔

عتبہ علویہ مقدسہ کے شعبہ امورِ دینیہ کے سربراہ شیخ کرار الخفاجی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ تقریب ان نمایاں طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقد کی گئی ہے جو سال بھر جاری رہنے والے قرآنی پروگراموں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد نئی نسل کی قرآنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور قرآنِ کریم کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات ایک نئی قرآنی نسل کی تیاری کا ذریعہ ہیں جو قرآنِ مجید کی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کرنے اور اسے عام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہو۔

بین الاقوامی شرکت

شیخ الخفاجی نے بتایا کہ اس تقریب میں عراق ،ایران اور پاکستان کے علاوہ 45 دیگر ممالک کے بچوں نے بھی حصہ لیا۔ انہوں نے ان خاندانوں اور اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بچوں کی شرکت کو ممکن بنایا۔

انہوں نے عتبہ علویہ مقدسہ کی جنرل سیکریٹریٹ کی حمایت کو ان کامیاب منصوبوں کی اصل بنیاد قرار دیا۔

106 طلبہ کی تکریم

دار القرآن کے ذمہ دار خادم علاء محسن نے تقریب کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا اس تقریب میں انوار الوصی پروگرام کے تحت 106 نمایاں طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ یہ پروگرام ڈیڑھ سال سے زائد عرصے تک جاری رہا۔

انہوں نے بتایا کہ عتبہ علویہ مقدسہ نے طلبہ کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کیں، جن میں ان کی رہائش گاہوں سے دار القرآن تک نقل و حمل کی خدمات بھی شامل تھیں۔

بین الاقوامی قارئین کی تیاری

علاء محسن نے مزید کہا کہ یہ کورسز طلبہ کو بین الاقوامی قرآنی محافل اور مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے تیار کرنے پر مرکوز ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران صحن حیدری شریف میں منعقد ہونے والی ختمہ البراعم میں بھی ان طلبہ کو شامل کیا جاتا ہے۔

علاء محسن نے واضح کیا کہ کورسز کے دوران 7 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کا انتخاب کیا گیا۔ ان میں نمایاں طلبہ کا چناؤ ان کی آواز اور تلاوت کی مہارت کی بنیاد پر کیا گیا، تاکہ 100 سے زائد ایسے باصلاحیت قارئین تیار کیے جا سکیں جو قرآن کریم کی تلاوت کو عالمی سطح کے مشہور قاریوں کے انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

ابو علی

المرفقات

العودة إلى الأعلى